Homeہمارے بارے میں

ادارے کا تعارف

 

 

 

وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان،جو برصغیر کے مسلمانوں کی اس خواہش اور جدوجہد کی بنیاد پر وجود میں آیا تاکہ مسلمانان برصغیر نہ صرف غاصب انگریزوں کے قبضے سے جسمانی آزادی حاصل کریں بلکہ اپنی روح اور اصل انسانیت کو بھی تمام غیر الہی اور مادی بندشوں سے آزاد کراسکیں ۔یہ مقصد اس وقت تک حاصل نہیں ہوسکتا جب تک کہ معاشرے میں الہی عقائد ،رفتار و کردار اور اقدار فروغ نہ پا جائیں۔ادارہ فروغ ثقافت اسلامی البلاغ،مسلمانان پاکستان کی اسی دیرینہ خواہش و آرزو کی تکمیل کیلئے اپنی بساط بھر کوشش کرنے کیلئے وجود میں آیا ہے۔عالم انسانیت بالعموم اور بالخصوص ملک عزیز پاکستان،دور جدید کی ٹیکنالوجی کے ایک بڑے خطیر یعنی الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے مغربی ثقافتی حملے کا شکار ہیں ۔مغربی ثقافت کی بنیاد مادیت یعنی قولی و نقلی طور پر خدائے یکتا کے انکار پر ہے ایسی صورت حال میں ضروری ہے کہ :

مغربی ثقافت کی برائیوں اور مضر نتائج کے بارے میں آگاہی پھیلائی جائے۔نیز اسلامی ثقافت کا حقیقی اور دلنشین چہرہ آشکار کیا جائے تاکہ معاشرہ اسلامی ثقافت سے بہرہ مند ہوجائے۔اس مقصد کیلئے البلاغ (ادارہ فروغ ثقافت اسلامی)VCD,s,DVD,sاور انٹرنیٹ کے ذریعے اردو ڈبنگ کے ساتھ معیاری اور مستند مواد پہنچارہے ہیں۔اپریل 2012تک ادارہ بحمدللہ 60کے قریب سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز ریلیز کر چکا ہے جن کونہ صرف مسلمانان پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں اردو بولنے اور سمجھنے والے افراد نے وسیع پیمانے پر سراہاہے ۔ہم خدا وند کریم سے دعا گو ہیں کہ وہ ہمیں اس کار خیر و بابرکت کو خلوص نیت کے ساتھ اور زیادہ تیزی کے ساتھ انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔

جیسا کہ موجودہ دور کو انفارمیشن (اطلاعات)کا دور کہا جاتا ہے لیکن بد قسمتی سے ذرائع ابلاغ و اطلاعات اسلام دشمن طاقتوں کے ہاتھوں میں محکوم ہونے کیوجہ سے حقیقت تک رسائی اور درست تجزیہ و تحلیل بہت مشکل امر بن کے رہ گیا ہے لہذا اسی مشکل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ادارہ البلاغ نے صحیح اور دقیق انفارمیشن (حالات حاضرہ)کی ترویج اور مستند تجزیہ و تحلیل کیلئے ٹاک شوز ’’ہماری نگاہ‘‘کا سلسلہ بھی شروع کیا ہو ا ہے جو باقاعدگی سے جاری ہے ۔

ہماری تمام سی ڈیز اور ٹاک شوز ادارہ البلاغ کی ویب سائٹ سے بغیر کسی معاوضہ کے ڈانلوڈ کی جاسکتی ہیں ۔

آپ بھی اس کار خیر میں ہمراہی کرسکتے ہیں :

     ۱۔ہماری اوریجنل پروڈکٹس خرید کر۔

     ۲۔اپنی فنی اور عملی صلاحیتوں کو البلاغ کیلئے بروئے کار لاکر۔

     ۳۔دوسروں تک ادارہ البلاغ کی پروڈکٹس پہنچا کر۔

     ۴۔اپنے قیمتی مشوروں سے نواز کر۔

     ۵۔ادارہ البلاغ اور اس سے مربوط افراد کے ثبات قدم کی دعا کرکے۔

  ۶۔ادارہ البلاغ کیلئے اپنی اور دوست احباب کی پر خلوص مالی معاونت کے ذریعے۔

 

 

 

Go to top